سنگاپور سٹی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیس بک صارفین نئے فیچر اسٹار کی بدولت مونی ٹائزیشن کے بعد اپنی تخلیقات کا معاوضہ حاصل کرسکیں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سنگاپور میں میٹا(فیس بک) ایشیا پیسیفک ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور میٹا کے نمائندگان سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے صارفین کے حوالے سے ایک خوش خبری بھی سننے کو ملی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پاکستان کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا۔ اب میٹا کمپنی کی ایپ فیس بک سے پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل صارفین بھی اپنی تخلیقات (Content) کو ذريعہ آمدن بنا سکیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید بتایا کہ انسٹاگرام اور فیس بک کی مالک کمپنی میٹا جلد پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی جب کہ پاکستان میں مونی ٹائزیشن کے لیے “اسٹارز پروگرام” کا آغاز بھی کر دیا گیا۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ “اسٹارز پروگرام” کے تحت جو بھی پاکستانی صارفین فیس بک پر اپنی تخلیقات ویڈیو کی صورت میں شیئر کریں گے اور دیکھنے والے انھیں جتنے اسٹارز دیں گے اس حساب سے ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے کو پیسے ملیں گے۔
بلاول بھٹو نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستانی نوجوان اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مثبت کاموں کے لیے استعمال کریں گے اور اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکیں گے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس سہولت سے سب سے زیادہ فائدہ خواتین اُٹھاسکتی ہیں جو گھر بیٹھے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔