کینسر کی ویکسین کے حوالے سے بڑی خبر

امریکی دوا ساز کمپنیوں کی جِلد سے متعلق کینسر (میلانوما) کے لیے دو مختلف فارمولوں پر تیار کردہ مشترکہ ویکسین کے ٹرائل کے نتائج حوصلہ افزا برآمد ہو گئے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق موڈرنا اور مرک انشورنس کی تیار کردہ کینسر ویکسین کے ابتدائی ٹرائل میں کینسر کا مرض 44 فی صد تک ختم ہو گیا، ابتدائی مرحلے میں انتہائی کم افراد پر تجربہ کیا گیا، تاہم آئندہ سال ویکسینز کے تیسرے اور اہم ترین ٹرائلز شروع کیے جائیں گے۔

اس مشترکہ کینسر ویکسین کے ابتدائی تجربے کے لیے 34 مریضوں کے کینسر کے ٹیومر کا جائزہ لے کر ان پر تجربہ کیا گیا، ٹرائل کے دوران رضاکاروں کو علیحدہ طور پر ایک ایک ویکسین دی گئی، اس کے بعد انھیں مشترکہ طور پر دو ویکسینز بھی دی گئیں۔

ماہرین نے پایا کہ مشترکہ طور پر دی جانے والی ویکسینز سے نہ صرف اسکن کینسر کے مریضوں کا مدافعتی نظام مضبوط ہوا، بلکہ انھوں نے دیکھا کہ ویکسینز نے کینسر کے سیلز کا خاتمہ کرنے والے خلیات نیوایپیٹوپس کی تیاری میں بھی مدد کی۔ ویکسین لینے والے مریض میں نیوایپیٹوپس کی تیاری کے بعد مذکورہ خلیات کینسر کے سیلز پر حملہ کرتے ہیں اور یوں مریض کا مرض 44 فی صد تک ختم ہو جاتا ہے۔

کمپنیوں نے دعویٰ کیا کہ کینسر کے شکار افراد کی سرجری کے بعد انھیں مشترکہ ویکسینز وقفے وقفے سے لگانے سے ان میں 44 فی صد تک مرض ختم ہو گیا، تجربے کے دوران کمپنیوں نے تیسرے اور چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا افراد کو تحقیق کا حصہ بنایا تھا۔

خیال رہے کہ دونوں کمپنیوں نے رواں برس اکتوبر میں کینسر کی مشترکہ ویکسین بنانے کا معاہدہ کیا تھا۔

کینسر کے خاتمے میں مدد کے لیے موڈرنا کمپنی کی ویکسین mRNA-4157 ہے، جو ٹی سیلز کومضبوط بناتی ہے، جب کہ مرک انشورنس کی ویکسین ’ کیٹرڈا‘ (Keytruda) ہے جو ٹی سیلز کے راستے کی رکاوٹ والے سیلز کو ختم کرتی ہے۔ ان کمپنیوں نے دونوں مختلف ویکسینز کو ملا کر مشترکہ ویکسین تیار کی ہے۔