جب عمر کے بڑھتے ماہ سال انسان کو بڑھاپے کی طرف لے جاتے ہیں تو ہر شخص تشویش میں مبتلا ہونے لگتا ہے اور خود کو جوان نظر آنے کے لئے کوششیں کرتا نطر آتا ہے۔ لیکن اس دنیا میں کچھ ایسے بھی خوش نصیب ہیں جو ریٹائرمنٹ کی عمر تک پہنچنے کے باوجود جوان نظر آئیں تو سب اس کے کم عمر نظر آنے کا راز معلوم کرنا ہی چاہتے ہیں۔
63 سال کی عمر میں جوان نظر آنا واقعی کوئی معمولی بات نہیں۔ آج کے دور میں جہاں بڑھتی عمر کے ساتھ چہرے پر جھریاں، بالوں میں سفیدی اور صحت کی خرابی عام ہو گئی ہے، وہاں اگر کوئی شخص اپنی عمر سے کئی سال کم دکھائی دے تو یہ سب کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔ کورین طرزِ زندگی کو اکثر اس کی خوبصورتی، چمکتی جلد اور فٹنس کے لیے سراہا جاتا ہے، لیکن صرف اسکن کیئر ہی نہیں، بلکہ خوراک بھی اس کا ایک اہم راز ہے۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کورین کانٹینٹ کریئیٹر ہنہ (Hannah) نے اپنے والد کا تعارف کروایا، جو 63 سال کی عمر کے باوجود حیرت انگیز طور پر جوان دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے چہرے کی تازگی، بالوں کی گھنی سیاہی اور مجموعی صحت نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔ لوگوں نے تبصروں میں بار بار پوچھا کہ آخر وہ ایسا کیا کرتے ہیں جو اتنی اچھی صحت اور جوانی کو برقرار رکھ پائے ہیں۔
اس پر ’ہنہ‘ نے ایک خاص ویڈیو بنائی جس میں اُنہوں نے اپنے والد کی روزمرہ خوراک دکھائی، تاکہ سب جان سکیں کہ وہ کیا کھاتے ہیں اور کس طرح اپنی صحت کا خیال رکھتے ہیں۔
اس انسٹاگرام ویڈیو نے لوگوں کی توجہ ایک اپنی طرف کھینچ لی۔ ویڈیو کی شروعات میں ہنہ کہتی ہیں، ’بہت سے لوگوں نے کہا کہ میرے والد 63 کے لگتے ہی نہیں، اس لیے آج ہم دیکھیں گے کہ وہ دن بھر کیا کھاتے ہیں۔‘
ہنہ نے بتایا کہ ان کے والد دن کا آغاز ایک کپ گرم بلیک کافی سے کرتے ہیں۔ ناشتہ وہ عام چیزوں سے نہیں بلکہ تھوڑا مختلف طریقے سے کرتے ہیں۔ ان کے سلاد میں عجیب و غریب چیزیں ہوتی ہیں – جیسے کیلا اور اس بات پر وہ خود بھی حیران ہوئیں اور کہا، ’سلاد پر کیلا؟ میں تو برداشت نہیں کر سکتی‘
وہ میٹھا زیادہ پسند نہیں کرتے۔ ان کا پسندیدہ مشروب میچا لاتے (matcha latte) ہے، لیکن وہ بھی بغیر شکر کے۔ انہوں نے کہ کہ ’میں نے ان کا ’میچا لاتے‘ پیا وہ بہت کڑوا تھا۔‘
دن کے باقی کھانوں میں وہ صحت مند چیزیں کھاتے ہیں۔ سفید چاول کی جگہ ہمیشہ براؤن چاول لیتے ہیں، اور گوشت میں بیف سے پرہیز کرتے ہیں۔ وہ زیادہ تر چکن یا سی فوڈ کھاتے ہیں۔ لیکن ایک چیز ہے جسے وہ روک نہیں پاتے اور وہ ہے نوڈلز۔
ہنہ نے بتایا، ’جتنا صحت کا خیال رکھتے ہیں، نوڈلز کے معاملے میں دل ہار جاتے ہیں۔‘
ان کا پسندیدہ ہلکا پھلکا ناشتہ بھنے ہوئے کالے لوبیے ہیں۔ ہنہ نے مذاق میں کہا، ’شاید یہی وجہ ہے کہ ان کے بال ابھی تک کالے اور گھنے ہیں۔۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دو سال پہلے ان کے والد کو کینسر ہوا تھا، جس کے بعد وہ اپنی خوراک کے معاملے میں اور زیادہ محتاط ہو گئے ہیں۔
یہ ویڈیو اب تک دس لاکھ سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں، اور ہر طرف سے تعریفیں آ رہی ہیں۔ ایک شخص نے لکھا، ’آپ کے والد واقعی زبردست لگتے ہیں، خود کا بہت خیال رکھتے ہیں۔‘
دوسرے نے کہا، ’لگتا ہے کہ ان کی جوانی کا راز چینی سے پرہیز، سبزیاں، میچا اور بلیک کافی ہے۔‘
کسی نے تبصرہ کیا، ’ان کی جلد کتنی صاف اور اچھی ہے۔ تو کسی نے کہا، ’آپ کے والد بہت ہی خوبصورت ہیں۔‘