محبت میں ناکامی: خواتین کے مقابلے مردوں میں موت کا خطرہ دگنا ہوتا ہے: تحقیق

محبت میں ناکامی یا قریبی عزیز کی موت جیسے جذباتی صدمات خواتین کو مردوں کے مقابلے میں دو گنا زیادہ متاثر کرتے ہیں، مگر ایک نئی تحقیق کے مطابق ٹوٹے ہوئے دل کے سنڈروم سے مردوں میں موت کا خطرہ خواتین کی نسبت دو گنا زیادہ ہوتا ہے۔
اس کیفیت کو طبی زبان میں ٹاکوٹسوبو کارڈیو مایوپیتھی کہا جاتا ہے، جو ہارٹ اٹیک جیسی علامات پیدا کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بیماری وقتی طور پر دل کے بائیں وینٹرکل کو متاثر کرتی ہے، اور بعض اوقات موت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
2016 سے 2020 کے درمیان کیے گئے مطالعے میں 2 لاکھ متاثرہ افراد کا ڈیٹا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ اگرچہ 80 فیصد مریض خواتین تھیں، لیکن اموات کی شرح مردوں میں 11.2 فیصد جبکہ خواتین میں 5.5 فیصد رہی۔
کیلیفورنیا کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر کھنڈیلوال کا کہنا ہے: "ہم نے ہمیشہ اسے عورتوں کی بیماری سمجھا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ مردوں کے لیے زیادہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔"