ریاض: ایک حالیہ سروے میں 77 لاکھ افراد نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عرب دنیا کا بااثر ترین لیڈر قرار دیدیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق آرٹی ٹی وی چینل نے ایک سروے کرایا جس میں 2022 کے عرب دنیا کے مقبول اور بااثر ترین رہنما کا نام پوچھا گیا تھا۔ سروے میں 63 فیصد کے لگ بھگ افراد نے قرعہ فال سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے نام نکالا۔
سروے میں 77 لاکھ افراد نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ووٹ دیا جب کہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید رہے اور تیسرے نمبر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو عرب دنیا کابااثر لیڈر قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ اسی ٹیلی وژن کے گزشتہ برس کیے گئے سروے میں بھی شہزادہ محمد بن سلمان اول نمبر قرار پائے تھے۔
ولی عہد محمد بن سلمان کو ان کے وژن 2030 کے حوالے سے عالمی شہرت ملی ہے جب کہ عرب دنیا کو تجارتی اور معاشی طور پر یورپی ممالک کے برابر لا کھڑے کے عزم نے انھیں عرب دنیا کا ہیرو بنادیا ہے۔