واشنگٹن: امریکی وزارت خراجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پاکستان کو معیشت کی بحالی کے لیے مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے معاشی اصلاحات جاری رکھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پاکستان پر زور دیا کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے معاشی اصلاحات جاری رکھے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا معیشت کی بحالی کی گئی پاکستان کی معاشی اصلاحات میں مدد اور حمایت جاری رکھے گا۔ انھوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی پاکستان کی امریکی حمایت غیر مشروط ہے۔
اس موقع پر ترجمان نیڈ پرائس نے پاکستان میں سیلاب متارین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اضافی 100 ملین ڈالر کا اعلان بھی کیا، جس سے پاکستان کے لیے امریکی امداد 200 ملین ڈالر سے زیادہ ہوگئی۔
صحافی نے پوچھا کہ کیا یہ امریکی امداد پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات پر منحصر ہوگی تو ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ یہ بالآخر آئی ایم ایف کا فیصلہ ہے لیکن امریکا یقیناً پاکستان کو اصلاحات کے راستے پر گامزن دیکھنا چاہتا ہے۔
امریکی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کا عمل مہینوں بلکہ برسوں جاری رہے گا اور ہم پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے امداد اور پاکستان کو گرین الائنس میں شامل کرنے کی کوششوں میں مدد جاری رکھیں گے۔