'میرے بھائی سلمان نے میرا گھر بسا دیا': راکھی ساونت

ممبئی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ وہ ان کا گھر بسانے پر سلمان خان کی مشکور ہیں۔

سوشل میڈیا پر حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ راکھی ساونت کی ایک نئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اور ان کے شوہر عادل کو سلمان خان کے بارے میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ ان کا گھر سلمان خان کی وجہ سے بسا ہے، راکھی نے کہا کہ سلمان خان عادل سے ملے ہیں اور ان سے بہت پیار بھی کرتے  ہیں انہوں نے عادل کو فون کیا جس کے بعد ہی عادل نے شادی کا اعلان کیا ہے۔

راکھی ساونت نے مزید کہا کہ ’بھائی کے ہوتے ہوئے یہ کیسے منع کر سکتے ہیں کہ بہن کی شادی کا؟ بھائی کا فون آئے گا، تب ہی تو کچھ ہو سکتا ہے‘۔

میڈیا کی جانب سے سلمان خان کے فون کے بارے میں پوچھے گئے سوال کہ جواب میں راکھی کے شوہر کا کہنا تھا کہ’وہ بہت اچھے ہیں، بہت عاجز ہیں، انہوں نے مجھ سے کچھ باتیں پوچھیں تو میں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔‘

جس پر فوری راکھی ساونت نے سلمان خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے بھائی سلمان نے میرا گھر بسا دیا۔‘

راکھی ساونت نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال ہی عادل خان سے شادی کرلی تھی تاہم ان کی جانب سے شادی کا اعلان 12 جنوری کو کیا گیا ہے۔


راکھی کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی تھیں تاہم ان کے شوہر عادل خان نے باقاعدہ طور پر شادی کا اعتراف نہیں کیا تھا جس پر راکھی پریشان تھیں۔

راکھی اور عادل کی حالیہ میڈیا گفتگو سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سلمان خان نے عادل کو شادی کا اعلان کرنے پر راضی کیا ہے جس کے بعد عادل نے سوشل میڈیا پر راکھی سے شادی کا اعتراف کیا۔

 راکھی ساونت نے عادل خان سے شادی کرنے کیلئے کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کیا ہے جبکہ اپنا نام بھی تبدیل کر کے فاطمہ رکھ لیا ہے۔