کیف: یوکرین کے شہر برووری میں ہنگامی ڈیوٹی پر مامور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے ایمرجنسی ریسکیو ہیلی کاپٹر میں وزیر داخلہ اور دو اہم سرکاری عہدیداروں سمیت 9 افراد سوار تھے اور نامعلوم مقام کی جانب جا رہے تھے۔
پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد سمیت جہاں ہیلی کاپٹر گرا وہاں موجود مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام پر بڑی تعداد میں شہری اور بچے موجود تھے اس لیے حادثے میں 3 بچے بھی ہلاک ہوئے جب کہ 29 زخمیوں میں بھی 15 بچے شامل ہیں۔
سرکاری میڈیا نے ابتدا میں یہ بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایک پرائمری اسکول پر گرا تھا تاہم بعد میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر ایک نرسری کے نزدیک گرا تھا جہاں بڑی تعداد میں بچے مقیم تھے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر پہلے پرائمری اسکول سے ٹکرایا اور پھر نزدیکی عمارت کے قریب گر کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم حادثے کے وقت تاریکی تھی اور فوگ کی وجہ سے حد نگاہ نہ ہونے کے برابر تھی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔