اتحادی ممالک کو بغیر شرائط پیسے نہیں دیں گے ، سعودی عرب

ڈیوس : سعودی وزیرخزانہ کا دوٹوک اعلان کیا ہے کہ اتحادی ملکوں کو بغیر شرائط پیسے نہیں دیں گے، اصلاحات کیلئے شرائط رکھی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان کا ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اتحادی ممالک کو دی جانے والی معاونت کے طریقہ کار کو تبدیل کر رہا ہے۔

سعودی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک کو بغیر کسی شرط کے گرانٹس یا ڈپازٹس نہیں دے گا، معاونت کیلئے اتحادی ممالک کو اصلاحات کیلئے شرائط رکھی جائیں گی۔

محمد الجدعان نے کہا کہ سعودی عرب خطے کے ممالک میں معاشی اصلاحات کی حوصلہ افزائی کرے گا، ہم اپنے لوگوں پر ٹیکس لگا تے ہیں اور یہی امید ہے کہ دوسرے بھی ایسا ہی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اتحادی ممالک کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ آپ اپنے طور پرکوششیں کریں۔

خبررساں ادارے نے کہا کہ دو ہفتے پہلے سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری دس ارب ڈالر تک لے جانے عندیہ دیا ہے اور اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹس بڑھا کر پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کیا تھا۔