پاکستانی عازمین حج کیلئے فلائٹس شیڈول جاری

ریاض:سعودی حکومت نے رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے پاکستانی عازمین کے لئے فلائٹس شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق رواں برس پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

فلائٹس شیڈول کے مطابق پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی جبکہ آخری پرواز کے لئے  22جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں مناسک حج کے اختتام پر سعودی عرب سے پاکستان کے لئے پہلی پرواز کی آمد2جولائی کو ہوگی اور آخری پرواز 2 اگست کو ہوگی۔

سعودی حکومت نے ریگولر اور چارٹرڈفلائٹس آپریٹرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی قوانین کی پاسداری کو ہر قیمت پر ممکن بنائیں۔

گزشتہ برس حکومت نے سرکاری کوٹے پر قربانی کے ساتھ فی کس حج اخراجات 8 لاکھ 60 ہزار 177 روپے جبکہ قربانی کے بغیر 8 لاکھ 14 ہزار 807 کا اعلان کیا تھا تاہم حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کو کچھ رقم واپس بھی کی گئی تھی۔

شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ جدہ نے ایسے عناصر کو خبردار کیا ہے کہ مسافروں کو اپنی ٹرانسپورٹ پر لے جانے کی غیر قانونی کوشش کرنے والوں کو 5000 سعودی ریال جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ کی طرف سے اس سے قبل یہ باضابطہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ جدہ ائیر پورٹ پر اترنے والے عازمین حج کو ایک شٹل سروس کے ذریعے مسجد حرام تک لے جایا جائے گا۔

حج یا عمرہ کی ادائیگی کے بعد مسجد حرام سے جدہ کے شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ تک اسی شٹل سروس سے پہنچایا جائے گا۔تاہم جدہ پہنچنے والے غیر ملکی عازمین حج کے لیے ضروری ہو گا کہ انہوں نے احرام زیب تن کر رکھے ہوں گے۔ 

اس موقع پر عازمین حج کو اپنی ضروری دستاویز بھی پیش کرنا ہوں گی۔شٹل سروس کی سہولت سے استفادہ کرنے والے عازمن حج کو جدہ کے اس ائیر پورٹ کے فرسٹ فلور سے ایکویریم کے نزدیک سے لیا جائے گا۔