غریب قوموں کو ’ڈیجیٹل انقلاب‘ میں پیچھے چھوڑا جا رہا ہے : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے دنیا کے امیر ملکوں کو غریب ممالک کے شہریوں کی مشکل ہوتی زندگی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

 انتونیو گتریس کا کہنا ہے کہ امیر ممالک اور توانائی کی بڑی کمپنیاں غریب ملکوں کو شرح سود بڑھا کر ’شکار‘ کر رہی ہیں۔ دوحہ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دنیا میں 40 سے زائد ایسے ملک ہیں جو انتہائی غربت کا شکار ہیں۔ امیر ممالک کو سالانہ 500 ارب ڈالر کے ساتھ دوسروں کی مدد کرنا چاہیے کیونکہ یہ ملک کپیٹیل مارکیٹ سے بلند شرح سود کے باعث باہر رکھے جا رہے ہیں اور توانائی کی بڑی کمپنیاں بڑا منافع کما رہی ہیں۔ 

انتونیو گتریس  کا کہنا  ہے کہ یہ ایک ایسا ’شیطانی چکر‘ ہے جس میں غریب ملکوں کی معیشت پھنس چکی ہے اور اس کے باعث ان ممالک میں صحت اور تعلیم کو بہتر بنانے کی کوششوں میں رکاوٹ آتی ہے۔

دنیا کے 46 سب سے کم ترقی یافتہ ممالک کا سربراہی اجلاس عام طور پر ہر 10 سال بعد ہوتا ہے لیکن 2021 کے بعد سے کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے اس کے انعقاد میں دو بار تاخیر ہوئی ہے۔

 2غریب ترین ممالک افغانستان اور میانمار دوحہ میں ہونے والے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے کیونکہ وہاں کی حکومتوں کو اقوام متحدہ کے ارکان تسلیم نہیں کرتے۔

رواں اجلاس میں دنیا کی کسی بھی بڑی معیشت کے رہنما نے شرکت نہیں کی تھی۔ اجلاس کے افتتاحی موقع پر انتونیو گتریس نے کہا کہ غریب ملکوں کی ’معاشی ترقی ایک مشکل مرحلہ ہے ایسے وقت میں جب وسائل کی کمی ہے، قرضے بڑھ رہے ہیں اور عالمی وبا سے نمٹنے میں ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے غیرمنصفانہ ردعمل کا سامنا ہے۔‘

غریب ترین ممالک نے طویل عرصے تک شکایت کی کہ انہیں کوروناویکسین میں اُن کا مناسب حصہ نہیں ملا کیونکہ امیر ملکوں کی توجہ یورپ اور شمالی امریکہ پر مرکوز تھی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث تباہی کے شکار ممالک کے لیے کچھ نہیں کیا گیا اور جو امداد دی گئی وہ بھی نہ ہونے کے ہی برابر ہے۔ ایندھن سے منسلک کمپنیاں بہت زیادہ منافع کما رہی ہیں جبکہ دنیا میں لاکھوں افراد دو وقت کے کھانے کے لیے بھی کچھ نہیں ہے۔

گتریس نے کہا کہ غریب ترین قوموں کو ’ڈیجیٹل انقلاب‘ میں پیچھے چھوڑا جا رہا ہے اور یوکرین کی جنگ نے خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔