انڈونیشیا؛ لینڈ سلائیڈنگ میں11 افراد جاں بحق اور50 لاپتہ

جکارتا: انڈونیشیا کے پہاڑی علاقے میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث مٹی کا تودہ گر گیا جس میں کئی گھر دب گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکیں زیر آب ہیں اور معمولات زندگی معطل ہیں۔ بارش کے دوران مٹی کا بڑا تودہ مکانوں پر گر گیا۔

5 سے زائد مکانات منوں مٹی کے تودے تلے دب گئے۔ ملبے سے 11 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ اب بھی ملبے میں 50 سے زائد افراد کے دبے ہونے کا انکشاف ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیم کے انچارج کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے جزیروں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم امدادی کاموں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جزیروں پر مشتمل ملک انڈونیشیا کو موسمیاتی تغیرات کے باعث غیر متوقع بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا سامنا رہتا ہے۔ ضلع بنجر میں سیلاب اور بارشوں کے باعث 1700 تباہ ہوگئے تھے اور ایک ماہ تک معمولات زندگی بحال نہیں ہوسکے تھے۔