یو اے ای نے 5 سالہ فیملی ویزے کا اجرا ء کردیا 

ابوظہبی:متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی نے فیملی ویزے کا اجراء کر دیا ہے۔وہ خاندان جن کے بچوں کی عمر اٹھارہ سال سے کم ہے وہ بھی پانچ سالہ فیملی ویزا حاصل کر سکیں گے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اتھارٹی  کا کہنا ہے کہ  تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک سے زیادہ بار داخلے کا ویزا بغیر کسی سپانسر کے جاری کیا جاتا ہے۔

اس سے فائدہ اٹھانے والے کو یو اے ای میں ایک مرتبہ داخلے کے بعد لگاتار نوے روز تک قیام کرنے کی اجازت دی جاتی ہے اور اس مدت کو مزید بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

خلیجی اخبار الامارات الیوم نے  رپورٹ میں کہا ہے کہ توسیع کے ساتھ قیام کی مدت ایک سال میں لگاتار 180 دنوں سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

اس کے علاوہ ویزا ہولڈر کو پرمٹ کے اجراء  کے ساٹھ دنوں کے اندر متحدہ عرب امارات میں داخل ہونا ضروری ہے تاکہ اس کی منسوخی سے بچا جا سکے۔

پانچ سالہ فیملی ٹورسٹ ویزا کے لیے ویب سائٹ اور سمارٹ ایپلیکیشن کے ذریعے درخواست دی جاسکتی ہے۔

ویزے کی درخواست دینے اور ضروری کاغذات کو پورا کرنے کے بعد ای میل کے ذریعے ویزا الیکٹرانک طور پر حاصل کیا جا سکے گا۔