غزہ:مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جار ی رکھتے ہوئے مزید 3 فلسطینی نوجوانوں کی شہید کردیا جس کے بعد ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 13 ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں نابلس کے قریب ایک چوکی میں تین مسلح نوجوانوں نے حملہ کردیا جس کے جواب میں کی گئی فائرنگ میں تینوں نوجوان ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مقابلے میں ایک مسلح نوجوان نے گرفتاری دیدی جس سے ایک پستول تحویل میں لے لیا گیا جب کہ ہلاک ہونے والے نوجوانوں سے تین ایم-16 رائفلیں بر آمد ہوئیں۔تاہم حیران کن طور پر نہ تو اس اسلحے سے گولیاں چلیں اور نہ اسرائیلی فوج کا کوئی اہلکار زخمی ہوا۔
اسرائیلی فوج نے شہید ہونے والے تینوں فلسطینی نوجوانوں کو لاشوں کو اسپتال منتقل کیا اور نہ ہی لواحقین کے حوالے کیا ہے۔ فلسطین اتھارٹی کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کسی ہلاک یا زخمی نوجوان کو اسپتال نہیں لایا گیا۔
دوسری جانب شدت پسند یہودیوں کا کہنا ہے کہ 3 فلسطینی نوجوانوں کی موت دو روز قبل حماس کے ایک رکن کی کیفے کے باہر فائرنگ میں 3 نوجوانوں کی ہلاکت کا بدلہ ہے۔