بحیرہ اسود پر پرواز کے دوران امریکی ڈرون سے روسی جنگی طیارہ ٹکرانے کے نتیجے میں ڈرون مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ Su-27 روسی جنگی طیارے کی مداخلت پر امریکی ڈرون MQ-9 بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق امریکی ڈرون بین الاقوامی فضائی حدود میں معمول کی کارروائی پرتھا جب روسی جنگی طیارے نےامریکی MQ-9 ریپرڈرون کو روکنے کی کوشش کی تھی۔
حکام کے مطابق امریکی ڈرون کو روکنے کی کوشش میں روسی طیارہ ڈرون سے ٹکرا گیا، ٹکر کے نتیجے میں امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
امریکی فوجی حکام نے روسی طیاروں کے اس عمل کوغیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ روسی طیارے نے متعدد بار امریکی ڈرون کے قریب سے گزر کر اس پر تیل گرانے کی کوشش بھی کی تھی جو کہ ماحولیاتی اور پیشہ ور اخلاقیات کے منافی عمل تھا۔
امریکی فوجی حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کے باوجود امریکا اور اس کے اتحادی علاقے میں اپنا آپریشن جاری رکھیں گے۔