ترکیہ میں زلزلے کے بعد موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، 5 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔
موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورتحال نے ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں آدیامان اور شانلی عرفہ میں تباہی مچادی، جہاں مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ کئی لاپتہ ہوگئے۔
ترک میڈیا کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ دریائے ایگریکے میں پانی بھرنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سیلابی پانی ضلع توت کے ایک باغ میں لگائے گئے کنٹینر کو بھی بہا لے گیا، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ تلاشی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق دوسرے لوگوں تک بھی پہنچنے کی کوشش کی جارہے ہے، ہمیں امید ہے کہ جلد از جلد ان تک پہنچ جائیں گے۔ یہ ایک آفت ہے۔
سیلاب کی وجہ سے مختلف علاقوں کا رابطہ بھی منقطع ہوگیا، پولیس، گینڈرمیری اور میونسپلٹی کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو خالی کروا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ فروری میں آنے والے زلزلے میں بھی آدیامان متاثر ہوا تھا، جس نے ترکیہ کے بیشتر حصے کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور اس میں 48 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔