لاہور: پولیس نے عمران خان کے گھر زمان پارک سے اسلحہ اور شراب کی بوتلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، مریم نواز نے اس حوالے سے ویڈیو شیئر کرادی۔
پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ سے اسلحہ برآمد کیا ہے جس میں 16 رائفلیں شامل ہیں ساتھ ہی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زمان پارک سے شراب کی بوتلیں اور پیٹرول کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ اسلحہ سرکاری نظر آرہا ہے امکان ہے کہ یہ وہ اسلحہ ہے جو بطور وزیراعظم عمران خان کو دیا گیا تھا بعد ازاں عمران خان نے اسے واپس نہیں کیا۔
دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ اب پتا چلا کے جب سے اس دہشت گرد عمران کو زبردستی سیاست میں گھسیڑا گیا، تب سے ملک فتنہ اور انتشار کا شکار کیوں ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو لانے والے بھی اپنے بدترین انجام کو پہنچے، اس کی سیاست بھی رسوائی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب لڑھک رہی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر صحافیوں کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بتارہے ہیں کہ جس جگہ سے اسلحہ برآمد کیا گیا اس جگہ کی وہ ویڈیو پہلے ہی بناچکے تھے اور وہاں انہیں کسی قسم کا کوئی اسلحہ نظر نہیں آیا، وہاں پستول جیسا چھوٹا اسلحہ چھپانا ممکن ہے تاہم کلاشنکوف اور رائفل جیسا بڑا اسلحہ ممکن نہیں کہ ہماری نظر سے نہ گزرے۔