امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے مطمئن ہے۔
امریکی جنرل مائیکل ای کوریلاکا ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت بجٹ، معاشی مسائل اور سیاسی کشیدگی کا سامنا ہے ۔
جنرل مائیکل کوریلا کا یہ بھی کہنا تھا پاکستان کو دہشت گردی کا چیلنج بھی درپیش ہے، جنگ بندی کے خاتمے کے بعد پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے حملے بڑھ رہے ہیں۔
سربراہ امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا امریکا پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے مطمئن ہے اور ہمیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حفاظتی طریقہ کارپر اعتماد ہے ۔
امریکی فوج کے سربراہ جنرل مائیکل ای کوریلا کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ان کے بہترین تعلقات ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے، نیوکلیئر یا میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، کسی کو حق نہیں کہ پاکستان کو بتائے کہ وہ کس رینج کے میزائل یا ایٹمی ہتھیار رکھے۔
اسحاق ڈار کے سینیٹ میں اس بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔