لندن: برطانیہ میں نماز پڑھ کر مسجد سے نکلنے والے 70 سالہ بزرگ کو آگ لگا دی گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے علاقے برمنگھم میں بزرگ مسلمان کو نذر آتش کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں بزرگ کے مسجد سے باہر نکلنے کے بعد ایک نوجوان ان سے بحث کرتا نظر آرہا ہے۔ بزرگ کے کچھ دور جانے کے بعد ان کو آگ لگا دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق 70 سالہ بزرگ کو آگ لگانے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بزرگ کو جیکٹ پر کیمیکل چھڑک کر آگ لگائی گئی۔انہیں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
بزرگ کا چہرہ آگ سے جھلس گیا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعہ کی تفتیش برطانیہ کی انسداد دہشت گردی پولیس کر رہی ہے۔