نیویارک: سابق امریکی خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستان کی پارلیمنٹ آئندہ چند روز میں پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرسکتی ہے۔
سابق امریکی سفارت کار زلمے خلیل زاد نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ سے عمران خان کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دینے کا بھی کہہ سکتی ہے، ان اقدامات سے سیاسی پولرائزیشن اور تشدد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
زلمے خلیل زاد نے کہا ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے عمران خان کو ریاست کا دشمن نمبر ون بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس طرح کے اقدامات پاکستان کے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے بحران کو مزید گہرا کریں گے۔
زلمے خلیل زاد نے کہا پہلے ہی کچھ ممالک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو معطل کردیا ہے اور آئی ایم ایف سے معاہدہ بھی غیریقینی کا شکار ہے، مذکورہ اقدامات سے پاکستان کیلئے عالمی حمایت میں مزید کمی آئے گی۔
زلمے خلیل زاد نے کہا امید ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت قومی مفاد کو نقصان پہنچانے والی تباہ کن سیاست سے باہر نکلے گی اور اگر ایسا نہ کیا تو میری پاکستان کے بارے میں تشویش بڑھتی جارہی ہے۔