نگراں وزیراعلیٰ کا مفت سرکاری آٹے کی تقسیم میں بد نظمی کا نوٹس 

پشاور:نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے کے بعض مقامات پر مفت سرکاری آٹے کی تقسیم میں بدنظمی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خوراک اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو آٹے کی منظم انداز میں تقسیم کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ماہ رمضان میں صوبہ بھر میں آٹے کی تقسیم کو عوام کے لئے آسان بنایا جائے اور اس سلسلے میں بدنظمی کی شکایات نہیں آنی چاہئیں۔

 وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس بات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے کہ آٹے کے حصول میں عوام کو کسی بھی دشواری کو سامنا نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کویہ بھی ہدایت کی ہے کہ آٹے کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے وضع کردہ طریقہ کار پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ مفت آٹا صرف مستحق خاندانوں کو ملے۔

 نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے محکمہ ریلیف اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ ماہ رمضان میں انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔

 انہوں نے محکمہ صحت اور ہسپتالوں کے حکام کو بھی زلزلے کے زخمیوں کو بروقت بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناوزیراعلی نے صوبے کے مختلف مقامات پر زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

 وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا ہے اور کہا ہے کہ زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا، نگران حکومت زلزلہ متاثرین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔