واشنگٹن: امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع نہیں چاہتے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازعات میں نہیں پڑنا چاہتے تاہم امریکہ اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے طاقت کا استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ایک ڈرون حملے میں امریکی شہری کی ہلاکت پرشام میں جوابی کاروائی کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کے حکم پر شام میں کیے گئے فضائی حملے میں ایران نواز جنگجو مارے گئے تھے۔
دوسری طرف امریکہ کی جانب سے مشرقی شام میں فضائی حملوں میں 11 ایران نواز عسکریت پسندوں کو مارنے کے جواب میں شمال مشرقی شام میں العمر آئل فلیڈ میں ایک امریکی اڈے پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تہران کے وفادار گروپوں نے تین میزائل داغے جن میں سے دو العمر آئل فیلڈ پر گرے اور تیسرا ایک مکان پر گرا۔ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ شام میں اپنی افواج کی حفاظت کرے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ امریکی اعلان اس حملے کے جواب میں آیا کہ جب ایران کی حمایت یافتہ افواج پر فضائی حملہ کیا گیا جس میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور پانچ امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ہونے والے اس حملے میں امریکی افواج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تازہ ترین تشدد جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوششوں اور یوکرین کی جنگ میں روس کے لیے ایران کی فوجی حمایت کے درمیان واشنگٹن اور تہران کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات کو مزید خراب کر سکتا ہے۔