اداکار نواز الدین صدیقی کا سابق اہلیہ اور بھائی پر 100 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ

بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نے سابق اہلیہ اور اپنے بھائی کے خلاف ہتک عزت پر 100 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کا دعویٰ داخل کر دیا۔

نواز الدین صدیقی نے سابق اہلیہ عالیہ پانڈے (انجانہ پانڈے) اور بھائی شمس الدین صدیقی پر  جھوٹے الزامات کے ذریعے ہراساں کرنے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے  پر  ہرجانے کا دعویٰ داخل کیا۔

عدالت میں اپنے وکیل کے ذریعے  داخل کی گئی درخواست میں اداکارنے استدعا کی کہ سابق اہلیہ اور بھائی کو پابند کیا جائے کہ وہ  سوشل میڈیا  سے ان پر لگائے گئے جھوٹے الزامات پر مبنی مواد ہٹاکر آئندہ کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم یا کسی دوسرے ذریعے سے ان پر جھوٹے الزامات نہیں لگائیں گے اور تحریری صورت میں  تمام جھوٹے الزامات پر معافی مانگیں گے۔

نواز الدین صدیقی نے اپنی درخواست میں بھائی پر مالیاتی فراڈ اور دھوکہ دہی کے الزامات عائد کرتے ہوئے یہ بھی استدعا کی کہ بھائی کی جانب سے سابق اہلیہ کے ساتھ مل کر  فراڈ کے ذریعے ہتھیائے گئے 21 کروڑ روپے ان سے واپس دلوائے جائیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھائی اور سابق اہلیہ کی جانب سے جھوٹے الزامات لگانے باعث ان کا 100 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے جس کا ازالہ کیا جائے۔