فلپائن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر کشتی میں آگ لگنے سے 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 7 افراد لاپتہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلپائن کے جنوبی علاقے میں رات گئے سفر کرنے والی کشتی میں آگ لگ گئی۔ یہ کشتی صوبہ سولو سے جولو ٹاؤن کی جانب گامزن تھی، جہاں باسلن جزیرے کے قریب اس کشتی میں آگ بھڑک اٹھی، اس کشتی میں عملے اور مسافروں کی تعداد 250 تک تھی، کشتی میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعہ میں 31 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
واقعہ اس قدر شدید تھا کہ لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کے لیے کشتی سے سمندر میں چھلانگیں لگا دیں، اسی دوران موقع پر موجود فلپائنی کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے کشتیوں کی مدد سے 212 افراد کو فوری طور پر ریسکیو کر لیا۔
الجزیرہ کے مطابق اس واقعہ میں اب تک 23 افراد زخمی ہوئے ہیں، کشتی میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔