امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی،26 ہلاکتیں

واشنگٹن: امریکا کی مختلف ریاستوں سے ٹکرانے والے طاقتور طوفان اور بگولوں میں ہلاکت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 26 ہوگئی جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں 60 میل (100 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار کے طوفان نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

درجنوں گھر، کاریں اور دیگر املاک مکمل یا معمولی طور پر تباہ ہوگئے۔ ہورڈنگز اور درخت جڑ سے اکھڑ کر سڑکوں پر گرگئے۔ بجلی کے تار ٹوٹنے سے 6 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔

طوفانی بگولوں سے امریکی کاؤنٹیز اور ریاستوں ٹینیسی، آرکنساس، مسیسیپی، الاباما، انڈیانا اور الینوائے میں طوفانی بگولوں سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 26 تک جا پہنچی جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔

امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ زخمیوں میں سے 12 کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چھوٹی نوعیت کے طوفان مزید چند روز تک آتے رہیں گے۔ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔