کوہاٹ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوہاٹ کے علاقے تپی میں پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل پر تراویح کی ڈیوٹی کے لیے جانے والے اہلکاروں کو نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

حکام کے مطابق شہید اہلکاروں کی شناخت پولیس کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل ایاز کے ناموں سے ہوئی جن کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے جبکہ ملوث دہشت گردوں کی تلاش کیلیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔