ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں معجزانہ طور پر بچ جانے والی ننھی پری کو 54 دن بعد ماں سے ملوا دیا گیا۔
فروری میں آنے والے خوفناک زلزلے کے نتیجے میں کمسن بچی 128 گھنٹے تک ملبے میں زندہ رہی تھی جسے ریسکیو اہلکاروں نے بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا تھا۔
ترک انادولو ایجنسی کے مطابق ساڑھے تین ماہ کی ویتن بیگد اپنی والدہ یاسمین بیگداس کے ساتھ دوبارہ مل گئی جو ہاتے میں زلزلے کے بعد سے لاپتہ تھیں۔
طبی حکام نے اسے Gizem (اسرار) کا نام دیا تھا جنہوں نے اسے بچانے کے بعد اس کی دیکھ بھال کی۔ ملک کے خاندانی اور سماجی خدمات کے وزیر ڈیریا یانک نے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے رشتہ ثابت ہونے کے بعد ماں اور بچی کو ملا دیا۔
یانک نے کہا کہ دنیا کے سب سے انمول کاموں میں سے ایک ماں کو اپنے بچے سے ملانا ہے اس خوشی کا حصہ بننا ہمارے لیے بھی بہت معنی رکھتا ہے۔
ترکیہ میں آنے والے زلزلے میں بچے کے والد اور اہل خانہ کے دو افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔