پشاور:نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبائی حکومت کے رمضان پیکج کے تحت مفت سرکاری آٹے کی تقسیم میں بعض آٹا ڈیلرز کی جانب سے ٹرانسپورٹ چارجز کے نام پر مستحقین سے رقم وصول کرنے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مفت آٹے کی تقسیم کے عمل کی کڑی نگرانی کیلئے سپیشل برانچ کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اور ہدایت کی ہے کہ اضلاع کی سطح پر سپیشل برانچ آٹے کی تقسیم کے عمل کی کڑی نگرانی کرے اورڈیلر ز کی طرف سے غیر قانونی طور پر رقم وصولی کی رپورٹ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو دے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے بد ھ کو صوبے میں مفت سرکاری آٹے کی تقسیم سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجدعلی خان، سیکرٹری داخلہ عابد مجید، سیکرٹری زراعت جاوید مروت، سیکرٹری خوراک عابد وزیر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفت آٹا صرف مستحق لوگوں کیلئے ہے اور اس امر کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے کہ صرف مستحق لوگ ہی مفت آٹے سے مستفید ہوں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کے طے شدہ معیار کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کیلئے محکمہ خوراک کے انسپکٹرز اور دیگر اہلکار فلو ر ملوں پر کڑی نظر رکھیں۔ غیر معیاری آٹا فراہم کرنے والے ملز مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں مفت آٹے کی تقسیم منظم انداز میں یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور آٹے کی تقسیم کے دوران ناخوشگوار واقعات کا موثر تدارک کیا جائے۔ وزیراعلی نے گزشتہ دنوں حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران رونما ہونے والے واقعے کی انکوائری کرنے اور سپورٹس کمپلیکس کو پہنچنے والے نقصانات کی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رمضان پیکج کے تحت اب تک 57 فیصد مستحق گھرانوں کو تین بیگز پر مشتمل مفت آٹا فراہم کردیا گیا ہے جبکہ آٹے کی تقسیم کا مقررہ ہدف ماہ رمضان میں ہی حاصل کر لیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاکو مزید بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں مفت آٹا ڈسٹری بیوشن مراکز کی تعداد کو دوگنا کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مفت آٹے کے حصول کیلئے احتجاج اور ناخوشگوار واقعات میں خاطر خواہ حد تک کمی آئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مفت سرکاری آٹے کی تقسیم سے متعلق شہریوں کی شکایت پر بروقت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔