گورنر خیبر پختونخوا (کے پی) غلام علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی وہ ٹھیک فیصلہ ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سکیورٹی خدشات سے آگاہ کرچکی ہے، کے پی کے حالات ایسے ہیں کہ اب بلٹ پروف جیکٹ والوں کو بھی نہیں چھوڑا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جو حالات ہیں انہیں دیکھ کر ہی سپریم کورٹ کوئی فیصلہ کرے گی، عدالت جو فیصلہ کرے گی ٹھیک فیصلہ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران الیکشن سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، صرف خیبرپختونخوا کی سیاسی اورمعاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے ساتھ فاٹا انضمام اورفنڈز سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔