ایرانی قاری نے حسن قرات کا سب سے بڑا مقابلہ جیت لیا ، 30 لاکھ ریال انعام

ریاض: سعودی عرب میں منعقد کردہ دنیا کا سب سے بڑا حُسن قرأت کا مقابلہ ایران سے تعلق رکھنے والے نوجوان قاری یونس شاہ مرادی نے جیت کر 30 لاکھ سعودی ریال کا انعام حاصل کرلیا۔ 

سعودی میڈیا کے مطابق حسن قرأت کے مقابلے ’عطر الکلام‘ میں مسحور کن تلاوت سے سامعین کے ایمان کو تازہ کرنے والے 20 فاتحین میں انعامات کی بارش کردی گئی۔

عطر الکلام مقابلے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے زیادہ انعامات دینے والا مقابلہ ہی نہیں بلکہ ان مقابلوں کے دوران مختلف  کیٹیگریز میں 6 گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ بھی بنے۔

یہ ریکارڈ گنیز بک کے نمائندوں کی موجودگی میں بنے اور انھوں نے خود سرٹیفکیٹس جاری کیے۔

عطر الکلام کی تلاوت کی کیٹیگری میں پہلا انعام حاصل کرنے والے ایران کے یونس شاہ کو 30 لاکھ سعودی ریال انعام دیا گیا۔

دوسرے انعام کے حق دار سعودی عرب کے عبد العزیز الفقیہ قرار پائے جنھیں 20 لاکھ  ریال انعام دیا گیا۔

تیسرے اور چوتھے نمبر پر مراکش کے زکریا الزریک اور عبداللّٰہ الدغری رہے جنھیں بالترتیب 10 لاکھ اور 7 لاکھ ریال کا انعام دیا گیا۔

تلاوت کے بعد اذان کیٹیگری کے فاتحین میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کیٹیگری میں سعودی عرب کے محمد آل شریف نے پہلا انعام 20 لاکھ ریال دیا گیا۔

اذان کیٹیگری کے دیگر فاتحین کا تعلق لبنان، انڈونیشیا اور برطانیہ سے ہے۔