چین کی تائیوان کی سرحد پر جنگی مشقیں

چین نے آبنائے تائیوان میں جاری مشقوں کے دوسرے روز تائیوان کے اہم اہداف کو نشانہ بنانے کی جنگی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔

امریکی اسپیکر کی تائیوانی صدر سے ملاقات کے بعد چین کی جانب سے آبنائے تائیوان میں فوجی مشقیں شروع کی گئی تھیں جس پر امریکا کی جانب سے چین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

تائیوان کا کہنا ہے کہ مشقوں کے دوران چین کے 70 جہاز وں نے تائیوانی حدود کے قریب پرواز کی ہے جبکہ 11 چینی بحری جہاز بھی دیکھے گئے ہیں۔

تائیوانی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ 45 چینی طیاروں نے آبنائے تائیوان میں میڈین لائن کراس کر لی تھی اور تائیوان کے جنوبی حصے کے اوپر اڑان بھرتے رہے۔

تائیوان کی بحری امور کونسل نے بھی ایک ویڈیو  جاری کی جس میں ان کے ایک بحری جہاز پر سے چینی جنگی بیڑے کو دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں تائیوانی اہلکار کی جانب سے چینی بیڑے کو علاقائی سرحدوں کی خلاف ورزی سے خبردار کیا جا رہا ہے۔