نیویارک کی ایک عدالت میں مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہد کیا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے لیے 2024 کی دوڑ سے ’کبھی نہیں نکلیں گے۔
‘ٹرمپ نے یہ بھی اصرار کیا کہ جو بائیڈن دوبارہ انتخاب لڑنے کے لیے موزوں نہیں ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریپبلکن رہنما مبینہ طور پر سابق پورن سٹار کو خاموش کرانے کے لیے ادا کی جانے والی رقم پر نیویارک میں 34 سنگین جرائم کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں جہنوں نے منگل کو فاکس نیوز کو بتایا کہ ’کوئی بھی چیز انہیں (صدارتی دوڑ) میں حصہ لینے سے نہیں روکے گی، یہاں تک کہ سزا بھی نہیں۔‘انہوں نے مزید کہا ’میں یہ (میدان) کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ یہ میری جبلت میں نہیں ہے۔ میں یہ نہیں کروں گا۔‘
76 ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے گرفتاری اور فنگر پرنٹ دیے جانے کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں اس بات پر شک ظاہر کیا کہ آیا 80 سالہ ڈیموکریٹ امیدوار بائیڈن 2024 کی صدارتی دوڑ میں شامل ہوں گے۔ان کے بقول: ’میں ایسا نہیں دیکھ رہا۔ یہ کیسے ممکن ہے۔ یہ عمر کی بات نہیں ہے، مجھے نہیں لگتا کہ وہ ایسا کر پائیں گے۔‘ٹرمپ نے مزید کہا: ’میں صرف بائیڈن کو جسمانی یا ذہنی نقطہ نظر سے ایسا کرتے ہوئے نہیں دیکھ رہا ہوں۔ میں انہیں (اس دوڑ میں) نہیں دیکھ رہا۔‘ٹرمپ اور دیگر سینیئر ریپبلکن رہنما بارہا بائیڈن کی ذہنی صحت اور ظاہری کمزوری پر شکوک و شبہات کا اظہار کر چکے ہیں۔