بھارت، ملٹری اسٹیشن میں فائرنگ، 4فوجی ہلاک

بھارتی ریاست پنجاب کے علاقے بھٹنڈا میں ملٹری اسٹیشن کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا ہےکہ فائرنگ کا واقعہ  بھٹنڈا میں ملٹری اسٹیشن کی کینٹین میں پیش آیا۔

دفاعی ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہےکہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے، حملہ آوروں کے پاس گولہ بارود بھی موجود ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والابھارتی پولیس اہل کار ہے جس نےکوارٹرگارڈ سے اسلحہ چھینا تھا۔

واقعے کے بعد علاقہ سیل کردیا گیا ہے اور ملٹری اسٹیشن کے اندر اور اطراف میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ بھٹنڈا ملٹری اسٹیشن میں فائرنگ کا واقعہ دہشت گرد حملہ نہیں ہے اور حالات کنٹرول میں ہیں۔