برطانوی اسکرین رائٹر اور فلم پروڈیوسر جمائما خان نے برطانیہ کی ہائی وے پر جاتے ایک ٹرک کی تصویر شیئر کی جس پر ان کے سابق شوہر عمران خان کا پوسٹر آویزاں تھا۔
جمائما، جو برطانوی ہائی وے پر سفر کر رہی تھی، انہوں نے اپنی گاڑی سے آگے کچھ فاصلے پر ایک ٹرک کی تصویر شیئر کی جس کے پیچھے عمران خان کا بڑا سا پوسٹر لگا ہوا تھا۔
عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے یہ دو تصاویر ہفتے کے روز ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیں جو مختلف سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہوگئیں۔
جمائما نے کیپشن میں بتایا کہ یہ ٹرک انہیں برطانیہ کے ہائی وے پر نظر آیا، ساتھ ہی انہوں نے قہقہے والا ایموجی اور پاکستانی پرچم بنایا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے پوسٹر پر سورۃ فاتحہ کی آیت بھی درج تھی جسے عمران خان اکثر اپنی عوامی تقریروں سے پہلے پڑھتے ہیں۔
جمائما کی جانب سے تصاویر پوسٹ کرتے ہی ٹوئٹر صارفین نے بھی عمران خان کی مختلف ممالک میں ٹرکوں اور گاڑیوں پر آویزاں تصاویر شیئر کیں۔