واشنگٹن: امریکا کے افغانستان میں سابق نمائندے زلمے خلیل زاد نے سابق صدر آصف زرداری کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں کسی ایک شخص یا کسی ملک کے لیے لابنگ نہیں کرتا اور نہ ہی کسی کا ایجنٹ ہوں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر زلمے خلیل زاد نے لکھا کہ میں پاکستان کے “مسٹر 10 پرسنٹ” کا جواب دینا چاہتاہوں کہ میں نے پاکستان کے تہرے بحران کے بارے میں اپنی مخلصانہ تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میں کسی شخص یا ملک کا ایجنٹ نہیں۔
زلمے خلیل زاد نے مزید لکھا کہ پاکستان میں تہرا بحران جو بدقسمتی سے شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ میں نے تو اپنی سابق ٹوئٹ میں بس تجویز کیا تھا کہ پاکستان کو اس سے نمٹنے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔
زلمے خلیل زاد نے لکھا کہ “مسٹر ٹین پرسنٹ” کو اپنے ملک کو سب سے پہلے رکھنا چاہیے اور بی بی (بے نظیر بھٹو) کی میراث کا احترام کرنا چاہیے تاکہ ایک ایسی تباہی کو روکا جا سکے جس کا سامنا ان (آصف زرداری) جیسے پوش لوگوں کو نہیں بلکہ پاکستانی عوام کو ہے۔
امریکا کے افغانستان میں سابق نمائندے نے لکھا کہ یہ (آصف زرداری) جیسے لوگ بیرون ملک اپنے پوش گھروں میں منتقل ہوجائیں گے، غریب عوام کو یہی رہنا ہے اور انہیں ان مسائل کا سامنا کرنا ہوگا۔
زلمے خلیل زاد نے اپنی تفصیلی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور ملک کے سیاسی رہنماؤں کو قانون کی حکمرانی کا عہد کرنا چاہیے، سپریم کورٹ کو تقسیم نہیں بلکہ اس کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک ٹی وی شو میں دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ زلمے خلیل زاد تنخواہ دار آدمی ہے اور زلمے خلیل زاد کو کسی لابی نے عمران خان کی حمایت کے لیے راضی کیا ہوگا۔
آصف زرداری نے یہ بیان زلمے خلیل زاد کی اس ٹوئٹ کے تناظر میں دیا تھا جس میں زلمے خلیل زاد نے بظاہر سیاسی بحران میں عمران خان کی حمایت کی تھی۔