سوڈان کے آرمی چیف نے بغاوت کرنیوالی ریپڈ سپورٹ فورسز کو تحلیل کردیا

سوڈان کے آرمی چیف جنرل عبدالفتاح البرہان نے بغاوت کرنے والی ریپڈ سپورٹ فورسز کو تحلیل کردیا۔

سوڈانی وزارت خارجہ کے مطابق آرمی چیف عبدالفتاح البرہان نے ریپڈ سپورٹ فورسز کو تحلیل کرنے کا حکم جاری کیا اور اسے باغی گروپ قرار دیا۔

دوسری جانب سوڈانی فوج اور  پیراملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 97 ہوگئی اور 350 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خرطوم میں مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سوڈانی فوج اورریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے حساس تنصیبات پرقبضے کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں، باغی فورسز نے صدارتی محل، اہم فوجی تنصیبات سمیت سرکاری ٹی وی پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خیال رہے کہ سوڈان میں جنرلز اکتوبر 2021 سے سوورن کونسل کے ذریعے برسر اقتدار ہیں اور ریپڈ سپورٹ فورس کی کمان سوورن کونسل کے نائب صدر جنرل محمد حمدان دگالو ہے جبکہ فوج کی کمان جنرل عبدالفتح البرہان کے سپرد ہے جو کونسل کے سربراہ بھی ہیں۔

فوجی بغاوت کے بعد اقتدار پر قبضہ کرنے والی سوڈانی فوج کے خلاف پیرا ملٹری فورس نے بغاوت کی ہے۔