بیجنگ: چینی دارالحکومت میں واقع ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 مریض جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیجنگ کے ضلع فینگ شائی میں واقع ایک اسپتال میں منگل کو چینی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے اسپتال کے ایک بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔
چائنا ڈیلی کے مطابق آگ کی وجہ سے جھلس کر مریضوں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 71 مریضوں کو اسپتال سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
ڈیڑھ گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں کامیاب ہوئے، مگر ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک اسپتال کی عمارت کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور متعلقہ محکمے اس سلسلے میں تحقیقات کررہے ہیں۔