چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مسرت ہلالی نے ڈسٹرکٹ سیشن جج پشاور اشفاق تاج کے ہمراہ سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر سینئر سول جج ایڈمن اور جوڈیشل مجسٹریٹ دولت خان بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران چیف جسٹس نے عید کے موقع پر جیل میں قیدجوینائل اور خواتین سمیت دیگر قیدیوں کی حالت زار اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔
چیف جسٹس نے ویڈیو لنک کیبنز میں مختلف نوعیت کے جرائم میں ٹرائل کا سامنا کرنے والے قیدیوں کی سماعت کا بھی معائنہ کیا .
انہوں نے دہشت گردوں سمیت قید بچوں اور خواتین کے مختلف سیلز کا بھی دورہ کیا اور وہاں کچن میں خوراک کے معیار کو چیک کیا۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے چیف جسٹس مسرت ہلالی کو قیدیوں کو درپیش مسائل سمیت انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس دوران 62نو عمر قیدی ، 27خواتین اور6بچوں میں عید گفٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔
چیف جسٹس کے احکامات کی روشنی میں معمولی نوعیت میں قید 21ملزموں کو جیل سے رہا کر دیا گیا تاکہ وہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ گزار سکیں۔
جیل میں نابالغ قیدیوں کو بری حالت میں پایا گیا لہذا انہیں نئے کپڑے اور صفائی کیلئے صابن بھی فراہم کئے گئے ۔
چیف جسٹس کے احکامات پر 3نابالغ قیدی سمیت26غیرملکی قیدیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم بھی دیا گیاجبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی گئی کہ وہ قیدیوں اور نئے آنے والے قیدیوں کی تعلیم وتربیت اور مذہبی تعلیم پر بھی توجہ دیںاورکہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کا خیال رکھیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں۔
چیف جسٹس نے جوینائل بیرکس میں جدید سی سی ٹی وی کیمر ے نصب کرنے پر زور دیا تاکہ ان قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام ہوسکے ۔