ڈھاکا:بنگلادیش کے 22 ویں صدر محمد شہاب الدین نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، وہ فروی میں بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حکمراں جماعت عوامی لیگ کے سینیئر رہنما اور سابق جج 73 سالہ محمد شہاب الدین نے تاریخی دربار ہال میں وزیر اعظم شیخ حسینہ اور کابینہ کی موجودگی میں ایک تقریب میں ملک کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
زمانہ طالب علمی سے عوامی لیگ سے وابستہ شہاب الدین سابق صدر عبدالحمید کی جگہ سنبھالیں گے جن کی مدت رواں ہفتے ختم ہو رہی ہے۔
بنگلادیش میں پارلیمانی نظام ہونے کے باعث کلی اختیارات وزیراعظم شیخ حسینہ کے پاس ہیں جب کہ صدر کا عہدہ نمائشی ہے تاہم اس کے باوجود عام انتخابات کے دوران اور قوانین کی منظوری کے لیے صدر دفتر خاص اہمیت حاصل کرجاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ شیخ حسینہ واجد کے نہایت وفاردار سمجھے جانے والے رہنما محمد شہاب الدین کو صدر بنایا گیا ہے کیوں کہ بنگلا دیش میں عام انتخابات دسمبر یا اگلے سال جنوری میں ہونے والے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں صدر شہاب الدین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد آئینی ادارہ ہے جس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دے اور ساز گار ماحول پیدا کرے۔صدر شہاب الدین کی اہلیہ ربیکا سلطانہ وفاقی حکومت میں سابق جوائنٹ سکریٹری رہی ہیں