ایران میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے معتمد خاص اور طاقت ور شیعہ عالم آیت اللہ عباس سلیمانی کے قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے سابق مندوب، ملک کی طاقت ور ترین کونسل مجلس شورائے خبرگان کے رکن اور سرکردہ مذہبی رہنما عباس علی سلیمانی ایک حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور تاحال قتل کے محرکات کا بھی تعین نہیں ہوسکا۔ اس حوالے سے تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
ادھر ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ نے ایک بینک کے سی سی ٹی فوٹیجز شیئر کی ہے جس میں آیت اللہ عباس علی سلیمانی کے قتل کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک کا سیکیورٹی گارڈ اسلحہ تھامے مذہبی رہنما کے ارد گرد چکر لگاتا ہے اور موقع دیکھ کر عقب سے نشانہ بناتا ہے۔
آیت اللہ عباس سلیمانی پر سیکیورٹی گارڈ نے اتنے قریب سے گولیاں برسائیں کہ ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوجاتی ہے۔
اب تک ہونے والی تفتیش سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گولی چلانے والے سیکیورٹی گارڈ کو معلوم نہیں تھا کہ جسے وہ قتل کر رہا ہے وہ مذہبی رہنما آیت اللہ عباس سلیمانی ہیں۔
تفتیش کاروں نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک کی جانے والی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ واقعہ سیکیورٹی یا دہشت گردی کا معاملہ نہیں تھا تاہم کیس کی بیرون ملک کی سازش سمیت ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہے۔