واشنگٹن:سابق امریکی کالم نگار جین کیرول نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جنسی زیادتی کا الزام لگادیا۔
رپورٹس کے مطابق جین کیرول نے الزام لگایا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 27برس پہلے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، خاتون کی عمر اس وقت 52برس تھی۔
جین کیرول نیویارک میں جیوری کے سامنے پیش ہوئیں اور انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈپارٹمنٹل اسٹور کے ڈریسنگ روم میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور جب انہوں نے حقیقت لوگوں کو بتائی تو ٹرمپ نے جھوٹ بول کر ان کی زندگی تباہ کر ڈالی۔
دوسری جانب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کر چکے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ خاتون نے 2019میں شائع اپنی یادداشتوں کی اشاعت بڑھانے کے لیے ان کے خلاف اس وقت الزام کا سہارا لیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جین کیرول ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔