سوڈان میں جنگ جاری، ہلاکتوں کی تعداد 512ہوگئی

خرطوم:سوڈان کا دارالحکومت خرطوم جنگ بندی کے باوجود  ہفتہ کی صبح فضائی حملوں، طیارہ شکن ہتھیاروں اور توپ خانوں کی زوردار آوازوں سے گونج اٹھا جہاں اب تک لڑائی کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 512 ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق سوڈان میں دو فوجی جرنیلوں کے درمیان شروع ہونے والی جنگ تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے جہاں دارالحکومت خرطوم آج صبح بھی فضائی حملوں، طیارہ شکن ہتھیاروں اور توپ خانے کی زوردار آوازوں سے گونج اٹھا جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے۔

رپورٹ کے مطابق جمعے (28 اپریل) کے روز جنگ بندی میں 72 گھنٹوں کی توسیع کے باوجود بھی حریف فوجی قوتوں کے درمیان جنگ جاری ہے اور دارلحکومت اور اس کے آس پاس کے شہروں کو فضائی حملوں، ٹینکوں اور توپ خانوں کے حملوں نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔