برطانیہ کے سابق فوجی اہلکار نے اپنی کمر پر فریج اٹھا کر 24 گھنٹوں میں 3 بلند چوٹیاں سر کرلیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق مائیکل کوپ لینڈ نے اپنی کمر پر فریج اٹھاتے ہوئے صرف 24 گھنٹوں میں انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے تین بلند ترین پہاڑ سر کر کے سب کو حیران کردیا۔
انہوں نے یہ کارنامہ خیراتی کام کے لیے رقم اکٹھا کرنے کے لیے کیا۔
مائیکل کہتے ہیں کہ ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج وقت تھا، ’تینوں چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے وقت بہت بڑا چیلنج تھا، مجھے آخری گھنٹے تک بہت تیز دوڑنا پڑا‘۔
انہوں نے بتایا کہ فریج کا مقصد ذہنی صحت کے مسائل کے بوجھ کو واضح کرتا ہے۔
انہوں نے ذہنی صحت کے خیراتی ادارے ’مائینڈ‘ کے لیے ہزاروں ڈالرز جمع کیے ہیں۔
فریج کا بھاری وزن کمر پر اٹھا کر چوٹیاں سر کرنے کا تجربہ بتاتے ہوئے مائیکل نے کہا کہ ایسا کرنے کے لیے انہیں بہت محنت کرنا پڑی، انہوں نے کہا کہ ’چوٹیاں سر کرنے کے دوران موسلادھار بارشیں ہوئیں، چوٹی پر چڑھنے کے دوران 30 سے 40 میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں، ایسا لگ رہا تھا ہمیں کوئی پیچھے دھکیل رہا ہے‘۔
مائیکل کوپ لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کی بین نیوس چوٹی، انگلینڈ کی اسکافیل پائیک اور ویلز کی اسنوڈن پہاڑ کی چوٹیاں سر کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے 24 گھنٹوں میں تینوں چوٹیاں سر کرنے کے لیے آخری لمحات میں دوڑنا پڑا، یہ بہت ڈرامائی تھا۔
مائیکل نے بتایا کہ میں اپنی کمر پر فریج رکھ کر دوڑ رہا تھا، یہ بہت تکلیف دہ تھا۔
انہوں نے اس تجربے سے قبل ٹریننگ بھی حاصل کی تھی۔
مائیکل نے کہا کہ ’یہ صرف فریج کی بات نہیں ہے بلکہ اس کا اصل مقصد ذہنی مسائل کے بوجھ کی نمائندگی کرنا ہے‘۔
مائیل کوپ لینڈ اس کارنامے سے 7 ہزار پاؤنڈ (8 ہزار 781 امریکی ڈالرز) سے زائد جمع کرنے میں کامیاب ہوئے۔