امریکا میں ‘لیبرز ڈے’ یا یومِ مزدور یکم مئی کے بجائے ستمبر کے پہلے پیر منایا جاتا ہے جس کی وجہ آج سے 30 سال قبل امریکا میں پیش آنے والے کچھ واقعات ہیں۔
مئی 1886 میں امریکی ریاست شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کیلئے ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران بم دھماکہ ہوا جس میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک ہوئے۔ شکاگو میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد امریکہ میں مزدور یونینز کے خلاف باقاعدہ ایک مہم کا آغاز کردیا گیا۔
مزدوروں کے خلاف شروع کی گئی اس مہم کے خلاف عالمی سطح پر بھی ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں یکم مئی کے دن مزدوروں نے اِس دن کی یاد میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔
دوسری طرف شکاگو میں ہونے والے ان مظاہروں کو امریکا میں انتہائی بائیں بازو کی سیاسی تحریک کے طور پر دیکھا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ جب امریکا میں اس حوالے سے بحث چھڑی کہ ‘لیبرز ڈے’ کی تعطیل کس روز دی جائے تو یکم مئی کے بجائے ستمبر کے پہلے پیر کا انتخاب کیا گیا۔
امریکی کانگریس کی جانب سے 1894 میں سرکاری طور پر ستمبر کے پہلے ہفتے مزدوروں کی خدمات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ‘لیبرز ڈے’ کی عام تعطیل کی منظوری دے دی گئی۔
‘لیبرز ڈے’ کے موقع پر امریکا کے وفاقی اور کچھ نجی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔ امریکا میں یومِ مزدور منانے کا مقصد مزدوروں کی خدمات کا اعتراف اور امریکی معیشت میں ان کے کردار کو سراہانا ہوتا ہے۔