تالے والی قبر بھارت کی نکلی، پاکستان کیخلاف من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب 

 نئی دہلی:بھارت کے سرکاری و دیگر میڈیا گروپس کا پاکستان کے حوالے سے من گھڑت پروپیگنڈا خود بھارتی صحافی محمد زبیر نے بے نقاب کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی نیوز ایجنسی ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی)نے قبر پر لوہے کی جالی کو تالا لگی تصویر پاکستان سے منسوب کرکے پوسٹ کی۔

اس کے بعد بھارتی نامی گرامی ویب سائٹس نے بھی یہ من گھڑت خبر پوسٹ کردی اور یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تاہم بھارت کے مسلمان صحافی اور آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے پاکستان کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈے کو بے نقاب کردیا۔

آلٹ نیوز کے مطابق یہ قبر بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے دراب جنگ کالونی کے مقامی قبرستان میں موجود ہے۔

آلٹ نیوز نے مقامی سماجی کارکن عبدالجلیل کو قبرستان بھیج کرقبر کی تصدیق کی، ویڈیو میں مقامی مسجد کے ذمہ دار نے بتایا کہ یہ قبر ڈیڑھ دو سال پرانی ہے اور یہ قبر کمیٹی کے ذمہ داروں کی اجازت کے بغیر راستے میں بنائی گئی جس سے آنے جانے کا رستہ بھی تنگ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ پرانی قبروں میں مردے دفنانے کے باعث لواحقین نے قبر پر جالی ڈالی ہے تاکہ کوئی قبر میں دوسرا مردہ دفن نہ کرسکے۔