کیلیفی: کینیا میں بھوک سے خودکشی کرنے والے 109 پیروکاروں کی موت کے ذمہ دار مقامی خود ساختہ پادری عدالت میں پیش ہوگئے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پادری پال اینتھنگ مکینزی نے اپنے پیروکاروں سے بھوکے مرنے پر جنت کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل کرکے کئی افراد کی موت ہوگئی تھی۔
پولیس کو پال کی زمین سے 109 افراد کی لاشیں ملیں جس کے بعد انہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے تمام الزامات کی تردید کی۔ پال کو گاؤں شکاہولا فاریسٹ قتل عام کیلئے مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے جس میں ان کے چرچ کے کم از کم 109 ارکان مردہ پائے گئے تھے۔
پولیس حکام مزید لاشوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پادری کے گڈ نیوز انٹرنیشنل چرچ کے آس پاس مزید لاشیں ملنے کا امکان ہے۔
کینیا کے سیکورٹی حکام اور بین الاقوامی ادارے ریڈ کراس نے کہا کہ امکان ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 200 تک جاسکتی ہے کیونکہ کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
گڈ نیوز انٹرنیشنل چرچ کی بنیاد 2003 میں رکھی گئی تھی تاہم جب سے مکینزی پر پیروکاروں کو جنت کے وعدے پر خودکشی پر اکسانے کا الزام آیا ہے، اب یہ ایک فرقے کے طور پر مانا جا رہا ہے۔