اسرائیل کا شام کے ائر پورٹ پر حملہ، متعدد افراد ہلاک، پروازیں معطل

تل ابیب: اسرائیل نے رات گئے شام کے صوبے حلب پر کئی میزائل داغے جو ایئرپورٹ پر بھی گرے جس کے نتیجے میں 4 افسران سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ پروازیں معطل کردی گئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے میزائل حملے میں حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نیراب ملٹری ایئر فیلڈ کے علاقے کو نشانہ بنایا۔ حملے میں شامی فوج کے 4 افسران اور ایران کے 3 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

فضائی حملے میں 5 فوجی اور دو شہری زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ  اسرائیلی میزائلوں نے صوبہ حلب کے علاقے میں ایران نواز جنگجوؤں کے زیر استعمال شامی فضائیہ کی فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا۔

میزائل حملے میں حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا اور پروازیں معطل ہوگئیں۔ نیراب ملٹری فیلڈ اور شامی فضائیہ کا اسلحہ ڈپو بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے فروری میں ایک عمارت کو راکٹ حملے میں تباہ کردیا تھا جس میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔