قاہرہ: مصر کے صوبے الوادی الجدید میں ٹرک اور بس کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔
عالمی میڈیا میں شائع ہونےو الی رپورٹس کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ یہ خوفناک ٹریفک حادثہ ملک کے شمال مغربی صوبے الوادی الجدید میں پیش آیا جہاں شاہراہ پر ایک تیزرفتار بس آگے جاتے ہوئے ٹرک سے جا ٹکرائی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس کا اگلا نصف حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور بعض مسافروں کی لاشیں بس کی باڈی کو کاٹ کر نکالی گئیں۔
مصر کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں ایمبولینسوں سمیت جائے حادثہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق بدقسمت بس 45 مسافروں کو لے کر دارالحکومت قاہرہ جارہی تھی کہ خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔