بچوں کا آن لائن تحفظ 

اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس کے رہنما اصول نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ دور جدید میں ٹیکنالوجی منفی و مثبت اثرات کے ساتھ ہماری زندگی کے لئے ایک لازم جزو کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ لہٰذا اس بات کو مدنظر رکھنا بہت ضروری ہے کہ پاکستان میں 83 ملین انٹرنیٹ صارفین جن میں سے زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے ان آن لائن نقصان دہ مواد سے منسلک خطرات کا شکار ہو سکتے ہیں بلکہ بعد ازاں سنگین جرائم میں بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔اس جدید تکنیکی دور میں ہم نوجوان نسل اور بچوں کو انٹرنیٹ/سوشل میڈیا کے استعمال سے محروم نہیں کر سکتے، تاہم ان کی آن لائن سرگرمیوں سے منسلک خطرات کے حوالے سے ان کی رہنمائی ضرور کی جا سکتی ہے۔ آن لائن خطرات  ہر ملک کے لحاظ سے مختلف نوعیت کے ہوتے ہیں۔  خطرے کی شدت میں کمی کے پیش نظر والدین کی اس طرح کے آن لائن مواد کے خطرات کے حوالے سے اپنے بچوں کے ساتھ گفت و شنید اورانکی رہنمائی بہت ضروری ہے۔ اسی طرح انہیں سائبر بلنگ، نقصان پہنچانے کی نیت سے تاک میں بیٹھے افراد
، نامناسب آن لائن مواد اور متعلقہ قانونی نتائج کے بارے میں بھی رہنمائی بہت ضروری ہے۔سائبر کرائم کی روک تھام کے حوالے سے نوجوانوں کو پاکستان کے مروجہ انٹرنیٹ قوانین کے حوالے سے بھی آگاہی دینی چاہئے  جس میں  الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 اور  غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانا اور بلاک کرنے کے قواعد 2021 شامل ہیں۔ والدین / سرپرستوں کے لیے بچوں کے حوالے سے آن لائن خطرات کو کم کرنے کے لئے تیار کردہ کچھ رہنما اصول ذیل میں شامل ہیں: اپنے بچوں کی رہنمائی کے لئے ہمیشہ وقت نکالیں۔ ان کے ساتھ دوستانہ برتا ؤرکھیں اور مواصلاتی ذرائع کا استعمال ہمیشہ ایسی جگہ پر کریں جہاں وہ انٹرنیٹ/سوشل میڈیا پر درپیش کسی بھی خطرے سے آزادانہ طور پر آپ کو آگاہ کر سکیں۔ ہمیشہ اپنے بچوں کو ممکنہ آن لائن  اور اس سے منسلک دیگر خطرات سے کیسے بچنا ہے کے بارے میں ضرور بتائیں مثال کے طور پر ان کو بتائیں کہ آن لائن  اجنبیوں /مشکوک  افرادکے ساتھ ہرگز بات چیت نہ کریں نہ ہی کسی کے سامنے اپنی ذاتی معلومات ظاہر کریں، ایسے اجنبیوں کو اپنے گروپ/صفحہ میں شامل ہونے کی اجازت نہ دیں اور نہ ہی ان کی پیروی کریں۔ بلحاظ عمر آئی ٹی سے متعلقہ ڈیواسز پر کنٹرول سیٹ کرنے کے لئے پیرنٹل کنٹرول سافٹ ویئر کا استعمال کریں، جیسا کہ سکرین کے استعمال کا وقت مقرر کریں، صرف مناسب ایپلی کیشنز تک رسائی کی اجازت دیں، اور استعمال کے ریکارڈ پر نظر رکھیں۔ پیرنٹل کنٹرول سافٹ ویئر کی فہرست پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔   اپنے بچوں کو ہر آن لائن گیم کھیلنے کی اجازت نہ دیں بالخصوص ایسی گیمز جن میں پرتشدد منظر کشی کا عنصر
 شامل ہو کیونکہ ایسی گیمز کے بچوں کی شخصیت اور صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ جب بچے پرتشدد گیم کھیلتے ہیں تو وہ اس عمل کو دوسرے بچوں پر دہراتے ہیں اور بات چیت کرتے ہوئے اپنے جارحانہ رویے کا بھی اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بچوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں جسمانی سرگرمیوں اور آؤٹ ڈور کھیلوں میں حصہ لینے کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔مزید برآں، صارفین ممنوعہ موادخاص طور پر ہتک عزت کے معاملات کی اطلاع متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم یا پی ٹی اے کو دے سکتے ہیں تاکہ متعلقہ خطرات کی نوعیت کو کم کرنے کے لئے اس کو فوری طور پر ہٹانے کو عملی طور پر یقینی بنایا جا سکے۔صارفین اپنی شکایات  [email protected] پر ای میل بھی کر سکتے ہیں یا پرائم منسٹر سٹیزن پورٹل پر اپنی شکایات کا اندراج کر سکتے ہیں۔ہم بامقصد بات چیت اور باہمی و مربوط کاوشوں سے، ہم اپنے بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور ان کی معاونت بھی کر سکتے ہیں تاکہ وہ محفوظ طریقے سے آن لائن ذرائع کا مثبت استعمال کرسکیں۔