تحریک انصاف حکومت کا خیبرپختونخوا میں اشتہارات کا سکینڈل سامنے آگیا

تحریک انصاف حکومت کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا۔ اشتہارات کی مد میں خیبر پختونخوا کے خزانے کو مبینہ طور پر ایک ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا، معاملہ ایف آئی اے کو ارسال کردیا گیا۔

محکمہ اطلاعات کی طرف سے ایف آئی اے کو لکھے گئے مراسلے کے مطابق تحریک انصاف حکومت اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ملی بھگت سے اشتہارات کی مد میں خزانے کو ایک ارب 30 کروڑ روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔

مراسلے کے مطابق مبینہ کرپشن میں بینک منیجر، پرائیوٹ کمپنی اور محکمہ اطلاعات کے افسر ملوث پائے گئے جبکہ اشتہارات کی رقم کی غیر متعلقہ افراد کو ادائیگی کی گئی۔

مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ متعلقہ ڈائریکٹر سے جب ریکارڈ طلب کیا گیا تو اس نے ریکارڈ دینے سے انکار کیا اور ادائیگوں کا ریکارڈ بھی غائب کر دیا گیا۔